بنگلورو،19؍دسمبر(ایس او نیوز)کرناٹک میں یکم جنوری 2021سے دسویں اور 12ویں جماعت کے کلاسوں اور 11جنوری سے 9ویں جماعت کے کلاسوں کو باضابطہ شروع کرنے کے لئے پوری تیاری جاری ہے۔
کرناٹکا ٹیکنیکل اڈوائزری کمیٹی (کے۔ٹیک) کی سفارش پر ریاستی حکومت کی طرف سے یہ اقدام کیا گیا ہے جس کا ریاست کی تما م سیاسی جماعتوں کی طرف سے خیر مقدم کیا گیاہے۔ اپوزیشن لیڈر سدارامیا نے حکومت کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ اگر اسکول کھلنے کے بعد کورونا معاملات میں اضافہ کا رجحان بڑھتا دیکھا گیا تو کلاسوں کو روک دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو قابو میں کرنے ریاستی حکومت کے اقدامات سے وہ کافی متاثر ہوئے ہیں۔ کورونا کے کیسوں میں نمایاں کمی کے سبب بڑے کلاسوں کے اہتمام کو بحال کرنے کے لئے حکومت کے فیصلہ کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں لیکن اس مرحلہ میں یہ احتیاط ضروری ہے کہ کرناٹک کی کمیونسٹ پارٹی نے بھی حکومت کے اس فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس اقدام سے دیہی علاقوں سے آنے والے طلباء کو کافی راحت میسر آئے گی۔ ان میں سے بیشتر طلباء کو یہ خو ف تھا کہ وہ اپنا پورا سال ضائع کر بیٹھیں گے سال کے آخری مرحلہ میں ہی سہی طلباء کو سال پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
سی پی آئی نے مانگ کی ہے کہ بیک وقت تمام جماعتوں کے کلاسس کو بحال کردیا جائے۔ پارٹی نے ایک بیا ن میں کہا ہے کہ جب بچوں کو شاپنگ مالس اور سنیما تھیٹروں میں والدین کے ساتھ جانے دیا جا رہا ہے تو ا ن کے اسکول جانے میں کیا حرج ہے۔اس دوران وزیر تعلیم سریش کمار نے کہا ہے کہ اسکول کھولنے کے متعلق قطعی فیصلہ وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا سے بات چیت کے بعد ہی کریں گے۔
ریاستی حکومت کوجھٹکادیتے ہوئے کرناٹک پرائیویٹ اسکول فیڈریشن نے 20دسمبرسے پرائیویٹ اسکول مقفل کرتے ہوئے آن لائن کلاسس بھی بندکرنے کافیصلہ کیاہے۔پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے کئے گئے مطالبات کونظراندازکئے جانے کے پیش نظرپرائیویٹ اسکول فیڈریشن یہ فیصلہ کیاہے کہ 20دسمبرسے آن لائن کلاس بندکرکے حکومت سے اصرارکیاجائے گا وہ پرائیویٹ اسکولوں کے مطالبات کوتسلیم کرے۔20دسمبر کو تقریباً 10 ہزارپرائیویٹ اسکول بندکرتے ہوئے آن لائن کلاس بھی روک کرخاموش احتجاج کیاجائے گا۔سردست ریاست کے تمام ضلعی مراکزمیں علامتی طورپر احتجاج کرتے ہوئے پرائیویٹ اسکول فیڈریشن کے صدرلوکیش تالی کٹی کی زیرقیادت حکومت کوایک یادداشت پیش کی گئی ہے۔اس درمیان حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 20دسمبرتک پرائیویٹ اسکولوں کے مطالبات تسلیم کئے جائیں ورنہ 20دسمبرسے آن لائن کلاس بندکرکے احتجاج کیاجائے گا۔